کمٹہ 28 / اگست (ایس او نیوز) کمٹہ پولی ٹیکنیک کالج میں زیر تعلیم طالب علم کو والد سے ملاقات کا بہانہ بنا کر اغوا کرنے کے علاوہ بری طرح زد و کوب کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
کمٹہ پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق اغوا اور حملہ کا شکار ہوئے طالب علم کا نام چندن دیانند نائک (19 سال) ہے جبکہ حملہ آوروں کی شناخت کتگال کے رہنے والے نیلیش بھنڈاری (32 سال)، مرجان کے رہنے والے نوین منجو ناتھ ہری کانت (32 سال)، شرت ونائیک نائک (26 سال)اور ارون (25 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ 25 اگست کو جب چندن کالج میں تھاتو یہ چار ملزمین وہاں پہنچے اور اس سے کہا کہ اس کے والد باہر انتظار کر رہے ہیں چل کر ان سے ملاقات کر لو ۔ جب وہ ان کے ساتھ باہر آیا تو اسے زبردستی کار میں بٹھا کر اغوا کر لیا گیا اور تھوڑی دیر لے جا کر گالی گلوچ کرنے اور بے دردی سے پیٹنے کے بعد جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ۔
کمٹہ پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔